صدر امریکہ بارک اوبامہ نے پرزور انداز میں کہا ہے کہ صدر روس ولادیمیر پوتن نے شخصی طور پر ڈیموکریٹک پارٹی کے ای میلز کی کمپیوٹر ہیکنگ کی منظوری دی تھی جس کی بابت امریکی انٹیلی جنس افسروں کا کہنا ہے کہ اس کا مقصد 8 نومبر کے صدارتی انتخابات میں ریپبلکن امیدوار ڈونیلڈ ٹرمپ کی مدد کرنا تھا۔
ایک ماہ بعد اپنے عہدے سے دستبر دار ہونے والے مسٹر اوبامہ نے اہل خانہ کے ساتھ چھٹیاں منانے ہوائی روانہ
ہونے سے قبل کل ایک پریس کانفرنس میں امریکی سیاست کی ’’گندی‘‘ حالت کی بابت افسردہ لہجے میں کہا کہ ڈیموکریٹس اور ری پبلکنز کے مابین اختلاف نے روس کو شرارت کا موقع دے دیا۔
اوبامہ نے کہا کہ انہیں انٹیلی جنس کی ان رپورٹوں پر ’’بڑا ہی اعتماد‘‘ ہے جن میں دکھایا گیا ہے کہ روس نے ڈیموکریٹک نیشنل کمیٹی اور ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن کی مہم کے سربراہ جان پوڈیسٹا کے ای میلز ہیک کئے۔